بچوں کے حقوق کے تحفظ کےکیلئے کوشاں ہیں ، ڈاکٹرعامر عبداللہ

خیبر پختونخوا میں جمعرات کو عالمی یومِ اطفال 2026 منایا گیا، جس کے موقع پر لاوارث بچوں کی سرپرستی کے لیے نئے طریقہ کار (ایس او پیز) اور آن لائن درخواست کے نظام کا افتتاح کیا گیا۔اس موقع پر سماجی کارکن ولی اللہ معروف کو صوبے میں بچوں کے تحفظ کیلئے برانڈ ایمبیسڈر بھی مقرر کیا گیا۔خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود عامر عبداللہ نے ریڈیو پاکستان کے صاحبزادہ عبد القیوم آڈیٹوریم میں منعقدہ صوبائی سطح کی تقریب کے دوران سرپرستی کے معیاری عملی طریقہ کار (Guardianship SOPs) کا باضابطہ اجرا اور آن لائن درخواست کے نظام کا افتتاح کیا۔ یہ تقریب خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن (KPCPWC) نے یونیسف پاکستان اور ہیلیوٹاس کے اشتراک سے منعقد کی۔میرا دن، میرے حقوق، میرا مستقبل کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں سرکاری حکام، ترقیاتی اداروں کے نمائندوں، سول سوسائٹی، ماہرین تعلیم، بچوں اور نوجوانوں سمیت تقریبا 300 افراد نے شرکت کی۔نئے آن لائن نظام کے تحت افراد اور خاندان ایک مخصوص ویب پورٹل کے ذریعے لاوارث بچوں کی سرپرستی کے لیے درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔ یہ نظام سابقہ دستی طریقہ کار کی جگہ لے گا اور اس کا مقصد شفافیت، جوابدہی اور بچوں کے بہترین مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔چیف خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن اعجاز محمد خان نے شرکا کو نئے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے اس کے قانونی ڈھانچے، ادارہ جاتی ذمہ داریوں اور فیصلہ سازی کے عمل سے آگاہ کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر برائے سماجی بہبود عامر عبداللہ نے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور متعلقہ قوانین و پالیسیوں پر مثر عملدرآمد کے لیے صوبائی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ کمیشن مختلف نوعیت کے تشدد اور استحصال کا شکار ہونے والے تقریبا 35 ہزار بچوں کو تحفظ، معاونت اور متعلقہ سہولیات فراہم کر چکا ہے۔ انہوں نے لاوارث اور ملنے والے بچوں کی سرپرستی کے لیے مجاز عدالتوں کے ذریعے سہولت فراہم کرنے کے کمیشن کے اقدامات کو بھی سراہا۔مشیر نے بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور ہنر مندی کے فروغ کے اقدامات میں یونیسف کے دیرینہ تعاون اور ہیلیوٹاس کی خدمات کو بھی سراہا۔تقریب کا ایک اہم پہلو سماجی کارکن ولی اللہ معروف کی خیبر پختونخوا میں بچوں کے تحفظ کے لیے برانڈ ایمبیسڈر کی حیثیت سے نامزدگی تھی۔لاپتہ بچوں کی تلاش اور انہیں ان کے اہل خانہ سے ملانے کے لیے اپنی کوششوں کے حوالے سے معروف ولی اللہ معروف عوامی آگاہی بڑھانے اور بچوں کے تحفظ کے اقدامات میں کمیونٹی کی شمولیت کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کریں گے۔کمیشن اور نومنتخب برانڈ ایمبیسڈر کے درمیان بچوں کے حقوق کے فروغ، عوامی آگاہی میں اضافے اور لاپتہ و لاوارث بچوں سے متعلق کوششوں میں مشترکہ تعاون کے لیے شرائطِ کار (TORs) پر بھی دستخط کیے گئے۔سیکرٹری سوشل ویلفیئر معتصم باللہ شاہ نے کہا کہ بچوں کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے اور ہر بچے کو یکساں مواقع، تعلیم، صحت کی سہولیات اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔چیف کے پی سی پی ڈبلیو سی اعجاز محمد خان نے ضلعی سطح پر چائلڈ پروٹیکشن یونٹس، کمیونٹی پر مبنی نظام، چائلڈ پروٹیکشن ہیلپ لائن 1121 اور چائلڈ پروٹیکشن انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (CPIMS) کے ذریعے کمیشن کی خدمات پر روشنی ڈالی۔یونیسف کے پروگرام مینیجر عثمان عبدی ادر نے بچوں کے تحفظ کے نظام کو ادارہ جاتی بنیادوں پر مستحکم کرنے کے لیے کمیشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے صوبائی حکومت کے ساتھ مسلسل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ہیلیوٹاس کی پروگرام مینیجر حنا شازیہ درانی نے بچوں کے جنسی استحصال اور آن لائن استحصال کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تقریبا 47 لاکھ اسکول سے باہر بچوں کو تعلیمی اداروں میں لانے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔تقریب کے دوران بچوں اور نوجوانوں نے بچوں کے حقوق اور تحفظ کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف پرفارمنس پیش کیں، جبکہ پشتو تھیٹر کے ذریعے بچوں کے استحصال، ہراسانی، جبری مشقت، والدین کی ذمہ داریوں، تعلیم اور آن لائن تحفظ سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔مشیر برائے سماجی بہبود نے ہیلیوٹاس کے تعاون سے تربیتی پروگرام مکمل کرنے والے نوجوانوں میں ہنر مندی کے فروغ کی کٹس بھی تقسیم کیں۔ تقریب میں شریک بچوں اور نمایاں مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے نمائش کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، جہاں کمیشن کی جانب سے بچوں کے تحفظ اور حقوق سے متعلق آگاہی مواد، مطبوعات اور تربیتی وسائل پیش کیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed