پشاور میں بائیکیا رائیڈر سلمان کے قتل میں بیوی سمیت تین ملزمان گرفتار

 

پشاور: شہر میں بائیکیا رائیڈر سلمان کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے واردات میں مبینہ طور پر ملوث دو خواتین اور ایک مرد سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ مرکزی ملزم فرار ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مقتول کی بیوی اور سوتیلی والدہ سمیت دیگر افراد مبینہ طور پر قتل کی منصوبہ بندی میں شامل تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بیوی کے دیگر افراد سے مبینہ تعلقات اور موبائل فون کے استعمال پر میاں بیوی کے درمیان اختلافات تھے، جو قتل کی وجہ بنے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے سلمان کو قتل کرنے کے بعد واقعے کو رہزنی کا رنگ دینے کی کوشش کی تھی۔

مقتول سلمان ولد اشفاق خان لنڈی ارباب کا رہائشی اور تین بچوں کا باپ تھا۔ وہ محنت مزدوری کے لیے بائیکیا رائیڈر کے طور پر کام کرتا تھا۔ اسے گزشتہ ہفتے 19 نومبر کو تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود میں گلونو ڈاگ کے مقام پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد مقتول کے سوتیلے بھائی اسماعیل کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے، جس کے بعد ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کی نگرانی میں ڈی ایس پی یکہ توت سرکل آصف شریف، ایس ایچ او تھانہ بھانہ ماڑی اجمل حیات اور تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

پولیس ٹیموں نے جدید سائنسی طریقوں، انسانی ذرائع اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کیں۔ اس دوران مقتول کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کیا گیا، جس سے تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔

پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مقتول کی بیوی مسماۃ (ا) کے جاوید اقبال اور عابد نامی افراد سے مبینہ دوستانہ تعلقات تھے، جن پر سلمان کو اعتراض تھا۔

ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ مقتول کی بیوی، اس کی والدہ، ماموں عابد اور ایک ساتھی جاوید اقبال نے مبینہ طور پر باہمی مشاورت سے سلمان کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔ پولیس کے مطابق 19 نومبر کو گلونو ڈاگ میں فائرنگ کرکے اسے قتل کیا گیا۔

پولیس نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین اور ایک مرد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار دونوں خواتین کو مزید تفتیش کے لیے وومن پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ جاوید اقبال سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران قتل کے محرکات، منصوبہ بندی اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں کے کردار کا تعین کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed