ملاکنڈ چیمبر اور گورنمنٹ کالج تھانہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

 

پشاور (25 نومبر 2026): ملاکنڈ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور گورنمنٹ کالج آف مینجمنٹ سائنسز تھانہ کے درمیان اکیڈمیہ اور صنعتی شعبے کے روابط مضبوط بنانے اور طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

اس سلسلے میں ملاکنڈ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر ذوہیب ضیاء، ایگزیکٹو ممبر شاہ نواز اور ممبر فضل وہاب نے گورنمنٹ کالج آف مینجمنٹ سائنسز تھانہ کا دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد وارث خان، اسسٹنٹ پروفیسر ظہور رحمان اور لیکچرر زاہد اقبال سے ہوئی۔

ملاقات میں اکیڈمیہ اور انڈسٹری کے درمیان موجود فاصلے کو کم کرنے، تعلیمی نصاب کو صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور طلبہ کو عملی تجربات فراہم کرنے کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاکنڈ چیمبر کے نمائندوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کو صنعتوں کی ضروریات کے مطابق تعلیم دی جائے تاکہ وہ پیشہ ورانہ زندگی میں بہتر کردار ادا کرسکیں۔

اس موقع پر کالج انتظامیہ نے طلبہ کو مختلف صنعتوں میں انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ انہیں عملی کام سمجھنے اور صنعتی ماحول میں تجربہ حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔

نائب صدر ذوہیب ضیاء نے بتایا کہ طلبہ کو صنعتوں کے تعلیمی دورے بھی کرائے گئے ہیں تاکہ وہ کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں کو قریب سے سمجھ سکیں۔

کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد وارث خان نے صنعتوں کے مالکان اور متعلقہ ماہرین کو دعوت دی کہ وہ کالج میں ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد کریں اور طلبہ کو عملی کام کے تقاضوں اور جدید صنعتی طریقہ کار سے آگاہ کریں۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت طلبہ کو صنعتی اداروں اور کاروباری مراکز کے مطالعاتی دورے کرانے، انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے اور صنعتی ماہرین کے ساتھ سیمینارز و ورکشاپس منعقد کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔

اس تعاون کا مقصد طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، روزگار کے مواقع بہتر بنانا، تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان علم و تجربات کا تبادلہ اور تدریسی عمل کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق بنانا ہے۔

دونوں اداروں کے درمیان یہ پیش رفت طلبہ کو کلاس روم میں حاصل ہونے والے نظریاتی علم کو عملی صنعتی تجربات سے جوڑنے اور تعلیمی و صنعتی شعبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی جانب اہم قدم قرار دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed