پشاور: لیبیا کشتی حادثے کی تحقیقات کے سلسلے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی ٹیم باجوڑ پہنچ گئی ہے، جہاں حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم لیبیا کشتی حادثے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کرے گی، جبکہ ان افراد کو بیرون ملک بھیجنے میں ملوث ایجنٹس کے کردار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
تحقیقاتی ٹیم یہ معلوم کرنے کی کوشش کرے گی کہ حادثے کا شکار ہونے والے افراد کس ایئرپورٹ کے ذریعے بیرون ملک روانہ ہوئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے ضروری معلومات حاصل کرے گی۔
اس سلسلے میں ایف آئی اے نے متاثرہ افراد کے کوائف اور سفری دستاویزات کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔







