بھارتی بیٹر ویبھو سوریاونشی نے لسٹ اے کی تیز ترین سنچری اور ڈبل سنچری بنا ڈالی

دوحہ: بھارت اے کے نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی نے شاندار اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین سنچری اور تیز ترین ڈبل سنچری کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔

دوحہ میں کھیلے گئے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف ویبھو سوریاونشی نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور محض 28 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کر لی۔ اس کارنامے کے ساتھ ہی انہوں نے آسٹریلیا کے جیک فریسر میکگرک کا 29 گیندوں پر بنایا گیا تیز ترین لسٹ اے سنچری کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔

سنچری مکمل کرنے کے بعد بھی سوریاونشی کی جارحانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے صرف 40 گیندوں پر تیز ترین 150 رنز کا سنگ میل عبور کیا۔ بعد ازاں انہوں نے محض 52 گیندوں پر لسٹ اے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنچری بھی مکمل کر لی، جبکہ اس سے قبل تیز ترین ڈبل سنچری 102 گیندوں پر اسکور کی گئی تھی۔

ویبھو سوریاونشی نے مجموعی طور پر 53 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 204 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 28 بلند و بالا چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ ان کی اس تاریخی بیٹنگ کی بدولت بھارت اے نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے دیا گیا 250 رنز کا ہدف محض 14.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed