کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والے افراد کے لیے کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلان کردیا ہے۔
معاون وزیر داخلہ برائے میڈیا امور بابریوسفزئی کے مطابق مطلوب دہشتگردوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 5 کروڑ سے 25 کروڑ روپے تک انعام دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ رحمان گل کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والے شخص کے لیے 25 کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح بشیر زیب کے متعلق اطلاع دینے والے کو بھی 25 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بابریوسفزئی کا کہنا ہے کہ دیگر انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر بھی مختلف انعامات مقرر کیے گئے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ دہشتگردوں سے متعلق مستند معلومات متعلقہ اداروں تک پہنچائیں تاکہ مطلوب افراد کے حوالے سے کارروائی میں مدد مل سکے۔







