سعودی عرب کے شاہی خاندان کے شہزادہ سعود بن عبدالعزیز بن ناصر بن عبدالعزیز آل سعود انتقال کر گئے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ایوان شاہی نے شہزادے کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
شاہی اعلامیے کے مطابق شہزادے کی نماز جنازہ آج منگل کو نماز عصر کے بعد ریاض کی جامع امام ترکی بن عبداللہ میں ادا کی جائے گی۔
ایوان شاہی نے مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی رحمت و بخشش سے نوازے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
سرکاری اعلامیے میں شہزادہ سعود بن عبدالعزیز کے انتقال کی وجہ یا ان کی دیگر ذاتی تفصیلات سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
شہزادہ سعود 2010 میں قتل کے مقدمے کے باعث عالمی خبروں میں آئے
شہزادہ سعود بن عبدالعزیز بن ناصر بن عبدالعزیز آل سعود کا نام فروری 2010 میں لندن کے ایک ہوٹل میں اپنے ذاتی ملازم بندر عبدالعزیز کے قتل کے مقدمے کے باعث عالمی سطح پر سامنے آیا تھا۔
لندن کے معروف لینڈ مارک ہوٹل میں شہزادے کے ذاتی ملازم اور معاون بندر عبدالعزیز کی لاش ملی تھی۔ برطانوی پولیس کی تحقیقات کے بعد شہزادہ سعود کو قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
اس مقدمے کی سماعت لندن کی اولڈ بیلی عدالت میں ہوئی، جہاں 19 اکتوبر 2010 کو جیوری نے انہیں اپنے ملازم کے قتل کا مجرم قرار دیا۔
عدالت میں پیش کیے گئے شواہد کے مطابق بندر عبدالعزیز کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان کی موت مار پیٹ اور گلا دبانے کے نتیجے میں ہوئی تھی۔
بعد ازاں 20 اکتوبر 2010 کو عدالت نے شہزادہ سعود کو عمر قید کی سزا سنائی۔ جج نے اپنے فیصلے میں واضح کیا تھا کہ شاہی خاندان سے تعلق رکھنے کی وجہ سے انہیں سزا میں کوئی رعایت نہیں دی جاسکتی۔
مارچ 2013 میں برطانوی حکومت کی منظوری کے بعد شہزادہ سعود کو برطانیہ سے سعودی عرب منتقل کردیا گیا تھا تاکہ وہ اپنی باقی سزا اپنے ملک کی جیل میں پوری کرسکیں۔







