پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے ورسک ڈویژن کے تھانہ ریگی پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت، جدید سائنسی خطوط پر تفتیش اور مؤثر حکمتِ عملی کی بدولت 5 اکتوبر کو پشاور یونیورسٹی کے تھرڈ ایئر کے طالب علم کے اندھے قتل کا سراغ لگا کر واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق مقتول آفتاب خان ولد نصیر خان سکنہ ملاکنڈھیر ریگی پشاور یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم اور تھرڈ ایئر کا طالب علم تھا۔ واقعے کے بعد مقتول کے بھائی رضوان کی مدعیت میں تھانہ ریگی پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا تھا۔
واقعے کی سنگینی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے، جس پر ایس پی ورسک ڈویژن طیب جان کی نگرانی میں ڈی ایس پی ریگی سرکل مظفر شاہ، ایس ایچ او تھانہ ریگی عاقب خان اور تفتیشی افسران پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
خصوصی تفتیشی ٹیموں نے جدید سائنسی خطوط، ہیومن انٹیلیجنس اور تکنیکی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع تفتیش شروع کی اور دورانِ تفتیش مقتول کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کیا، جس کی مدد سے اہم شواہد اکٹھے کیے گئے۔ پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قتل کی واردات میں ملوث ملزم فرحت اللہ ولد سیف اللہ سکنہ ریگی کو گرفتار کر لیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے ایک دوست کو موبائل فون خرید کر دیا تھا اور مقتول کی جانب سے اس دوستی کا راز فاش کرنے پر ملزم نے رنجش کی بنا پر مقتول کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔ ملزم نے مقتول آفتاب خان کو یونیورسٹی سے واپسی پر فاتحہ خوانی کے بہانے قبرستان کے ایک سنسان راستے پر لے جا کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے







