پنجاب میں ایک لاکھ خواتین لاپتا، لاہور ہائیکورٹ برہم

**لاہور:** لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں خواتین کے لاپتا ہونے کے بڑھتے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بازیابی کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دینے اور لاہور پولیس کی موجودہ انویسٹی گیشن ٹیم تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ پولیس کی موجودگی میں اتنی بڑی تعداد میں خواتین کا لاپتا ہونا حیران کن ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خواتین کی بازیابی سے متعلق مقدمات کی تفتیش کے لیے خواتین پولیس افسران تعینات کی جائیں اور اس مقصد کے لیے الگ مخصوص ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔

عدالت نے یہ احکامات سلمیٰ بی بی کی جانب سے اپنی بیٹی مقدس کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران جاری کیے۔ سماعت کے موقع پر عدالتی حکم پر انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس راؤ عبد الکریم بھی پیش ہوئے اور خواتین کی بازیابی کے حوالے سے پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔

آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ 2021 سے 2025 کے دوران خواتین کے لاپتا ہونے کے ایک لاکھ سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں سے 387 مقدمات تاحال حل نہیں ہوسکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 2026 میں خواتین کے لاپتا ہونے کے 21 ہزار 956 کیسز سامنے آئے، جن میں سے ایک ہزار 781 مقدمات ابھی تک حل طلب ہیں۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ خواتین کے لاپتا ہونے کے سب سے زیادہ واقعات کس علاقے میں پیش آئے؟ اس پر آئی جی پنجاب نے بتایا کہ ایسے زیادہ تر واقعات لاہور میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

چیف جسٹس نے ایک ہزار 87 خواتین کی عدم بازیابی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ اب تک ان خواتین کو بازیاب کیوں نہیں کرایا جاسکا اور اس کی وجوہات کیا ہیں۔ انہوں نے پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے آئی جی پنجاب سے کہا کہ ان کی سربراہی میں پولیس کی کارکردگی کا یہ معیار ہے؟

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جب کوئی بچی گھر سے لاپتا ہوتی ہے تو اس کے اہل خانہ شدید اذیت سے گزرتے ہیں۔ پولیس افسران کے اپنے گھروں میں ایسے واقعات پیش نہیں آتے، شاید اسی لیے انہیں متاثرہ خاندانوں کی مشکلات اور بچیوں کی بازیابی کی اہمیت کا احساس نہیں ہوتا۔

عدالت نے آئی جی پنجاب سے یہ بھی دریافت کیا کہ بازیاب ہونے والی خواتین کو کس کے حوالے کیا جاتا ہے۔

لاپتا خواتین کے غیر حل شدہ مقدمات کی بڑی تعداد پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ لاہور پولیس کا انویسٹی گیشن ونگ مؤثر انداز میں کام نہیں کر رہا، اس لیے اس میں تبدیلی ضروری ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ خواتین کی بازیابی کے لیے لاہور پولیس کی موجودہ تحقیقاتی ٹیم تبدیل کرکے قابل اور بہتر افسران تعینات کیے جائیں۔ چیف جسٹس نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ خواتین کی بازیابی کے لیے الگ پولیس ونگ کیوں نہ قائم کیا جائے۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت افسران کو تفتیش اور کارروائی کا طریقہ کار تبدیل کرنے کی ہدایت کریں۔

عدالت نے سرکاری وکیل کو حکم دیا کہ حکومت سے اس معاملے پر ہدایات لے کر آئندہ سماعت پر پیش ہوں اور خواتین کی بازیابی کے حوالے سے تازہ پیش رفت رپورٹ بھی جمع کرائیں۔

مقدمے کی مزید سماعت یکم دسمبر کو ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed