ذیشان علی کو مزید پاک چین خلائی مشنز کی امید

پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی نے کہا ہے کہ پاک چین مشترکہ خلائی مشن آخری نہیں ہوگا بلکہ مستقبل میں بھی دونوں ممالک مزید مشترکہ مشنز کا انعقاد کریں گے۔

مشن کی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی خلا باز نے کہا کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ انہیں خلائی مشن پر جانے کا موقع ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں بین الاقوامی خلا بازوں کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔

چینی خلا باز نے پاکستانی ساتھی کی تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محمد ذیشان علی نے مشن کے لیے بھرپور تیاری کی ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران دونوں خلا بازوں کے درمیان اچھی ہم آہنگی بھی پیدا ہوئی ہے۔

اس موقع پر پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی نے کہا کہ خلائی مشن میں شرکت نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خلائی مرکز کی انتظامیہ اور عملے نے انہیں بہترین تربیت فراہم کی، جبکہ چینی عملے کے ساتھ ان کی دوستی کے علاوہ پیشہ ورانہ تعلقات بھی قائم ہوئے ہیں۔

محمد ذیشان علی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ مشن دونوں ممالک کا آخری مشترکہ خلائی منصوبہ نہیں ہوگا بلکہ مستقبل میں بھی ایسے مزید مشنز ترتیب دیے جائیں گے۔

پاکستانی خلا باز نے پاک چین تعلقات اور دوستی میں آنے والے وقت کے دوران مزید وسعت کی توقع بھی ظاہر کی۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے انہیں بتایا تھا کہ اس مشن میں صرف ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان خلا میں جا رہا ہے اور ملک کی نمائندگی کے ساتھ اس کا فخر بھی ان کے کندھوں پر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed