تل ابیب: غزہ میں جاری جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک 19 ہزار 600 سے زائد اسرائیلی فوجی اور سیکیورٹی اہلکار شدید نفسیاتی مسائل اور ذہنی صحت کے عوارض کے علاج کے لیے متعلقہ حکام سے رجوع کر چکے ہیں۔
اسرائیلی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے لے کر اب تک مجموعی طور پر 31 ہزار 500 سے زائد زخمی فوجیوں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے وزارت کے بحالی کے شعبے سے طبی امداد حاصل کی ہے۔ ان متاثرہ اہلکاروں میں سے تقریباً 62 فیصد، یعنی 19 ہزار 600 افراد نفسیاتی پیچیدگیوں کا شکار ہیں۔
اعداد و شمار کی تفصیلات کے مطابق 10 ہزار 100 اہلکار ایسے ہیں جو محض ذہنی اور نفسیاتی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ 9 ہزار 400 اہلکار جسمانی زخموں کے ساتھ ساتھ نفسیاتی مسائل میں بھی مبتلا ہیں۔ ان ذہنی عوارض میں پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر (پی ٹی ایس ڈی)، شدید اضطراب، ڈپریشن اور عام شہری زندگی میں دوبارہ خود کو ڈھالنے کی مشکلات نمایاں ہیں۔
اسرائیلی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ جنگ کے اثرات کے باعث فوجیوں کی بحالی اور ذہنی علاج کے اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ طبی و نفسیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ طویل جنگی کارروائیوں اور محاذ پر مسلسل تعیناتی کے باعث پیدا ہونے والے یہ نفسیاتی اثرات طویل عرصے تک برقرار رہ سکتے ہیں۔







