پشاور میں ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق بنوں پولیس، محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقوں گریڑہ شاہ جہاں، کنگر اور دیگر ملحقہ دیہات میں دہشتگردوں کے خلاف ایک بڑا مشترکہ گرینڈ آپریشن کیا ہے، جس کے نتیجے میں تین بدنام زمانہ خارجی دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق منگل 24 نومبر 2026 کو "آپریشن سربلندی” کے نام سے کیے جانے والے اس گرینڈ آپریشن میں دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں اور ان کی سہولت کاری میں ملوث عناصر کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ کامیاب مشترکہ کارروائی کے دوران شدید مقابلے میں 3 دہشتگرد جہنم واصل ہوئے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد اور سہولت کاروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارجیوں کا تعلق کالعدم تنظیم کے مقامی کمانڈر زرگل عرف انکل گروپ سے ہے اور ان میں زرگل کا بھتیجا بھی شامل ہے۔ ہلاک دہشتگرد پولیس، سیکیورٹی فورسز، مقامی امن کمیٹیوں کے سربراہان اور معصوم شہریوں پر حملوں سمیت بھتہ خوری اور لوٹ مار کی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔
ڈی آئی جی بنوں نے اس کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں قیامِ امن اور عوام کے تحفظ کے لیے جاری اس آپریشن میں پولیس، سیکیورٹی فورسز اور محکمہ انسداد دہشتگردی کی بہترین کوآرڈینیشن کی بدولت نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب اور جرات مندانہ کارروائی پر بنوں پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خصوصی شاباش دی۔ آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ عوام کی حفاظت، قانون کی بالادستی اور حکومتی رٹ قائم رکھنے کے لیے مشترکہ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی غیور عوام اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور خارجی دہشتگردوں و ان کے سہولت کاروں کا منطقی انجام قریب ہے







