سندھ اسمبلی میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تحریک التوا پیش

 

کراچی: سندھ میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف سندھ اسمبلی میں تحریک التوا پیش کردی گئی، جس پر بحث کے لیے جمعہ کا دن مقرر کیا گیا ہے۔ اجلاس میں کراچی میں پانی کی قلت، حیدرآباد میں منشیات فروشی اور اسمبلی کے قواعد میں ترامیم کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی سمیتا افضال نے صوبے میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف تحریک التوا پیش کی۔

وزیر قانون ضیا لنجار نے تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع ہوچکی ہے اور کراچی میں بھی شہریوں کو اس مسئلے کا سامنا ہے۔ انہوں نے معاملے پر بحث کے لیے اسمبلی میں ایک دن مختص کرنے کی درخواست کی۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ اس مسئلے پر ماضی میں بھی کئی مرتبہ بات ہوچکی ہے، تاہم اس پر مزید بحث ہونی چاہیے۔ انہوں نے تحریک التوا پر بحث کے لیے جمعہ کا دن مقرر کردیا۔

اجلاس کے دوران سندھ حکومت کے مالی حسابات سے متعلق آڈٹ سال 2025-26 کی رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی گئی۔ وزیر قانون و پارلیمانی امور نے رپورٹ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بھجوانے کی تحریک پیش کی، جسے ارکان نے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔ کمیٹی کو ایک ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

ایوان نے حبیب یونیورسٹی ایکٹ 2012 میں ترمیمی بل پر فوری غور کرنے کی تحریک بھی منظور کرلی۔

اجلاس میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے سندھ اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں ضروری تبدیلیوں کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ ترامیم پر جلد عملدرآمد ہونا چاہیے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نے اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کے قواعد کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ضوابط کے مطابق بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے قواعد کا جامع جائزہ لینے اور نئی کمیٹیاں تشکیل دینے کی تجویز بھی دی۔

اسپیکر نے ارکان کو اپنی تجاویز اور ترامیم اسپیکر آفس میں جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کا وقت دینے کی تجویز پیش کی۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ناصر قریشی نے حیدرآباد میں منشیات، گٹکے اور دیگر ممنوعہ اشیا کی کھلے عام فروخت کا معاملہ اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کی فروخت روکنے کے لیے کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد نہیں ہوا، جبکہ ان اشیا کے استعمال کے باعث منہ کے کینسر کے کیسز میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد میں منشیات اور گٹکے کی فروخت پر پابندی یقینی بنائی جائے۔

وزیر قانون ضیا لنجار نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر بروقت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے منشیات فروشی کے مقامات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی تاکہ متعلقہ علاقوں میں کارروائی ممکن بنائی جاسکے۔

اجلاس کے دوران رکن سندھ اسمبلی عادل عسکری نے کراچی میں پانی کی قلت کا مسئلہ بھی ایوان میں اٹھایا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کو روزانہ 1200 ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے، جبکہ حب سے تقریباً 100 ملین گیلن پانی فراہم کیا جارہا ہے۔

عادل عسکری کے مطابق کراچی کو اب بھی حب کی پرانی نہر کے ذریعے پانی دیا جارہا ہے، جبکہ 14 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی نئی حب کینال تباہ ہوچکی ہے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ اجلاس میں وزیر بلدیات کی موجودگی میں اس معاملے پر بات کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

بعد ازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل کو دوپہر ایک بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed