پشاور کے علاقے متنی میں کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)اور پاک فوج کی مشترکہ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔سی ٹی ڈی کی پریس ریلیز کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد پاسانی روڈ، ادیزی خوڑ متنی کے علاقے میں موجود ہیں اور سرکاری تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔اطلاع کی بنیاد پر سی ٹی ڈی کی سوات ٹیموں اور پاک فوج کے جوانوں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے گھات لگائی۔ اس دوران دہشت گردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ شروع کردی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران تین دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے دو کلاشنکوف، ایک پستول، تین ہینڈ گرنیڈ، پانچ میگزین اور قومی شناختی کارڈز برآمد کیے گئے ہیں۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دوسری جانب شہر میں سٹریٹ کرائمز کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کا آپریشن سٹریٹ فائٹ مزید تیز کر دیا گیا۔تھانہ متنی اور تھانہ شرقی کی حدود میں کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک مبینہ اسنیچر ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت سید ہارون ولد عبدالمجید جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت شعیب ولد حبیب الرحمن کے نام سے ہوئی ہے۔کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس مقصد کے حصول تک آپریشن سٹریٹ فائٹ جاری رکھا جائے گا۔







