خیبرپختونخوا کیلئے 160ارب کا ترقیاتی پیکج’10ارب جاری کرد ئیے گئے

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خیبرپختونخوا کیلئے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کے اعلان کے بعد ابتدائی طور پر 10 ارب روپے صوبائی حکومت کو جاری کر دیے گئے۔دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ صوبے کے دیگر 25 اضلاع کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔12 مخصوص اضلاع میں مجموعی طور پر 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا جن میں 7 خصوصی منصوبوں پر 19 ارب 27 کروڑ روپے خرچ ہوں گے جبکہ 423 منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ان اضلاع میں 100 روزہ اور 180 روزہ ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔ترقیاتی پیکج کے تحت امن و امان کے 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔دستاویزات کے مطابق صحت کے شعبے کے 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ مخصوص اضلاع میں تعلیم کے 72 منصوبوں پر 12 ارب 90 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 دانش اسکول قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 70 اسکولوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن جبکہ 409 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔مخصوص اضلاع میں سڑکوں کی بہتری کے 32 منصوبوں کے لیے 12 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، ترقیاتی پیکج میں ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم کے منصوبے بھی شامل ہیں۔اسی طرح 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کی اسکیموں کو سولرائز کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو پانی کی فراہمی میں سہولت فراہم کی جا سکے۔زرعی شعبے میں بھی خصوصی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں جن کے تحت 100 طلبہ کو چین میں زرعی تعلیم کے لیے اسکالرشپس دی جائیں گی۔دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 25 اضلاع میں مجموعی طور پر 219 ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے وزیراعظم کی جانب سے صوبے کے لیے ترقیاتی پیکج کے تحت 10 ارب روپے جاری ہونے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام خوش آئند ہے۔ثمر ہارون بلور کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کو 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج میں سے 10 ارب روپے موصول ہو چکے ہیں۔ترقیاتی فنڈز کی پہلی قسط سے صوبے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ جاری کردہ فنڈز کو عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔مشیر اطلاعات نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھی جائے اور ان پر بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو ترقیاتی فنڈز کے ثمرات عملی طور پر نظر آنے چاہئیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed