خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں عدالت کے احاطے میں شوہر اور بیٹے کے قاتل کو خاتون نے گولی مار دی، جس کے بعد ملزم زخمی حالت میں فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ذرئع کے مطابق اپنے شوہر اور بیٹے کے قتل مقدمے میں انصاف نہ ملنے سے مبینہ طور پر دلبرداشتہ خاتون نے پیشی پر لائے گئے ملزم شعیب پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ملزم زخمی ہو گیا۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والی خاتون نوشین محمود کو موقع سے گرفتار کر لیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایڈیشنل سیشن جج نمبر 4 کی عدالت میں پیش آیا، جہاں ملزم شعیب کو مقدمے کی سماعت کے لیے لایا گیا تھا، شوہر اور بیٹے کے قاتل کو خاتون نے گولی مار دی، فائرنگ کے بعد عدالتی احاطے میں بھگدڑ مچ گئی اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔اطلاعات کے مطابق ملزم شعیب ستمبر 2024 میں ہزارہ موٹروے پر طارق محمود اور ان کے بیٹے زین محمود کے قتل کے مقدمے میں نامزد تھا۔ مقتول طارق محمود کی بیوہ نوشین محمود نے مبینہ طور پر اپنے شوہر اور بیٹے کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے عدالت کے اندر ملزم شعیب پر فائرنگ کی۔فائرنگ کے نتیجے میں ملزم شعیب زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر کنگ عبداللہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے عدالتی احاطے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کردی۔پولیس نے فائرنگ کے الزام میں نوشین محمود کو موقع سے گرفتار کرلیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ خاتون اپنے شوہر اور بیٹے کے قتل کے مقدمے کی عدالتی کارروائی سے متعلق مبینہ طور پر انصاف نہ ملنے پر پریشان تھیں۔







