پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا سے منتخب اراکین قومی اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی کو جیل مینوئل اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ سہیل آفریدی، اسپیکر بابر سلیم سواتی، صوبائی صدر جنید اکبر سمیت صوبائی وزراء ، اراکین اسمبلی اور پی ٹی آئی ورکرز کو منظر عام پر لایا جائے اور قانون کے مطابق عدالتی دفاع کا حق فراہم کیا جائے ۔ اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا سے منتخب اراکین قومی اسمبلی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت اراکین قومی اسمبلی عاطف خان، سلیم الرحمان، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، شہرام خان ترکئی، شہزادہ گستاسپ، محمد نواز خان، آصف خان، علی اصغر خان، ارباب شیر علی، سہیل سلطان، علی خان جدون، ساجد مہمند، شاہ احد،اور بشیر خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت اور جیل میں ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں، خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، گورنر راج کے خدشات، صوبے کے مالی و آئینی حقوق اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔پارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ بانی چیئرمین عمران خان کو جیل مینوئل اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق تمام قانونی سہولیات فراہم کی جائیں، انہیں فوری طور پر اپنے ذاتی معالج تک رسائی دی جائے اور اہل خانہ، وکلاء اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ عمران خان کی صحت اور سلامتی پر کسی قسم کی غفلت یا غیر ضروری پابندی قابل قبول نہیں۔اجلاس میں علیمہ خان کی تین ایم پی او کے تحت گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ شرکاء نے بشریٰ بی بی کی رہائی اور انہیں قانون کے مطابق انصاف فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، محمود الرشید، اعجاز چوہدری سمیت تحریک انصاف کے تمام گرفتار رہنماؤں اور کارکنان کے مقدمات میرٹ پر چلانے، انصاف کے تقاضے پورے کرنے اور سیاسی انتقامی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا







