پاکستان کی بھارت سمیت تمام ایس سی او ممالک کو مکالمے کی دعوت

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بھارت سمیت تمام ایس سی او ممالک کو مکالمے کی دعوت دیتے ہوئے کہاہے کہ بات چیت مختلف نظریات اور ثقافتوں کے درمیان ہی ہوتی ہے، اگر سب نظریات ایک جیسے ہوں تو وہ مکالمہ نہیں رہتا، پاکستان کے تاریخی اور تہذیبی روابط فارس اور عرب سے لے کر بخارا اور ثمر قند تک پھیلے ہیں، سب کو دعوت دیتے ہیں کہ ان سے فائدہ اٹھائیں،موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پورے خطے کو متاثر کر رہے ہیں ،چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے،موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے کوپہنچنے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے ایس سی او ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی،پاکستان خطے کے تمام ممالک کے ساتھ ثقافتی روابط، تاریخی تعاون اور عوامی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ گزشتہ روز یہاں ایس سی او کے سولائزیشنل ڈائیلاگ فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ، تہذیب اور ثقافت کے حوالے سے ایک منفرد مقام رکھتا ہے جہاں وادی سندھ اور گندھارا کی تہذیب سے لے کر وسطی ایشیا، افغانستان، ایران اور مشرق وسطی کیتاریخی و ثقافتی اثرات نمایاں ہیں،پاکستان کی سرزمین مختلف تہذیبوں، تحریکوں، روایات،شاعری اور مذہبی ورثے کا امتزاج ہے۔ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کی تہذیبی شناخت کسی ایک خطے یا ثقافت تک محدود نہیں بلکہ یہ وادی سندھ، گندھارا، وسطی ایشیا، ایران اور عرب دنیا سمیت مختلف تہذیبوں کے تاریخی میل جول سے تشکیل پائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر موجود تاریخی آثار، قدیم علمی مراکز، مذہبی روایات، شاعری اور ثقافتی ورثہ اس خطے کی مشترکہ تاریخ کی عکاسی کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں علامہ محمد اقبال اور مولانا جلال الدین رومی کے فکری و روحانی تعلق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقبال نے اپنے تصوراتی سفر میں مولانا رومی کو اپنا رہنما بنایا، حالانکہ دونوں کیدرمیان تقریبا 600 سال کا زمانی فاصلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مثال واضح کرتی ہے کہ علم، فکر اور تہذیب کا سفر صدیوں اور جغرافیائی سرحدوں کا پابند نہیں ہوتا اور مختلف ادوار کے مفکرین ایک دوسرے کے فکری ساتھی بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم اور تہذیب کو سمجھنے کے لیے اسے مختلف زاویوں سے دیکھنا ضروری ہے،اپنی شناخت کو صرف اپنی نظر سے دیکھنے کے بجائے دوسروں کے نقطہ نظر سے بھی سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مکالمہ اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب مختلف شناختیں، آوازیں اور نقطہ ہائے نظر موجود ہوں، اگر سب کی شناخت اور آواز ایک جیسی ہو تو مکالمے کے بجائے یک طرفہ گفتگو رہ جاتی ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed