امریکا نے سرکاری اور فوجی کمپیوٹرز پر ممکنہ سائبر حملوں کے خدشے کے پیش نظر فوجی اہلکاروں اور سرکاری ملازمین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
امریکی محکمہ جنگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) نے سرکاری الیکٹرانک شناختی کارڈز چوری کرنے والے خطرناک مال ویئر کے حوالے سے انتباہ جاری کیا ہے۔
این ایس اے کے مطابق سائبر حملہ آور کمپیوٹرز میں استعمال ہونے والے سرکاری الیکٹرانک شناختی کارڈز کو نشانہ بنا رہے ہیں، جن کے ذریعے حساس معلومات اور الیکٹرانک ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مال ویئر کے ذریعے چوری کیے گئے سرکاری شناختی کارڈز ہیکرز کے لیے حساس ویب سائٹس اور سرکاری نظاموں تک پہنچنے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ سائبر حملہ آور شناختی کارڈز کے پن کوڈز بھی ریکارڈ کرسکتے ہیں، جس کے نتیجے میں سرکاری ملازمین کی معلومات اور اہم ڈیٹا تک رسائی ممکن ہوسکتی ہے۔
امریکی حکام نے فوجی اہلکاروں اور سرکاری ملازمین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ذاتی کمپیوٹرز پر سرکاری الیکٹرانک شناختی کارڈز کے استعمال کو محدود رکھیں۔
حکام کے مطابق اس احتیاطی اقدام کا مقصد حساس سرکاری معلومات اور ڈیٹا کو ممکنہ سائبر حملوں اور چوری سے محفوظ رکھنا ہے۔







