پاک افغان تجارت کی بحالی کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

پاکستان افغانستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PAJCCI) کے وفد نے منگل کے روز افغان قونصلیٹ پشاور میں افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل حفظ محب اللہ شاکر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سرحدی گزرگاہوں کی طویل بندش سے دوطرفہ تجارت، صنعت اور روزگار پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا اور تجارتی رکاوٹوں کے دیرپا حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔وفد میں چیمبر کے نومنتخب سینئر نائب صدر انجینئر سید محمود، نائب صدر امتیاز احمد اور مرکزی کوآرڈینیٹر ضیا الحق سرحدی شامل تھے۔قائم مقام افغان قونصل جنرل حفظ محب اللہ شاکر نے کہا کہ سرحدی گزرگاہوں کی بندش سے دونوں ممالک کی تجارت متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے تجارتی معاملات کو سیاسی اختلافات سے الگ رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری باہمی رابطے اور افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل کے حل میں کردار ادا کر سکتی ہے۔چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر سید محمود نے کہا کہ پاکستان کی قومی سلامتی، مثر سرحدی انتظام اور قانونی تقاضوں کو مقدم رکھتے ہوئے دوطرفہ تجارت کو درپیش مسائل کا عملی حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام دیرینہ سماجی اور تجارتی روابط رکھتے ہیں اور طویل سرحدی بندش سے بالخصوص خیبر پختونخوا کے برآمدکنندگان، ٹرانسپورٹرز، صنعتوں سے وابستہ کارکنوں اور سرحدی علاقوں کے کاروبار متاثر ہوئے ہیں۔انجینئر سید محمود نے وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں سے درخواست کی کہ وہ تاجر برادری سے مشاورت کریں اور جہاں حالات اجازت دیں، ضروری سکیورٹی جانچ اور مروجہ کسٹمز قواعد کے تحت تجارتی آمدورفت کی مرحلہ وار بحالی پر غور کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر جلد حکومتی و عسکری قیادت اور متعلقہ حکام سے ملاقاتوں میں تاجر برادری کو درپیش مشکلات اور تجارت کی بحالی کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کرے گا۔چیمبر کے مرکزی کوآرڈینیٹر ضیا الحق سرحدی نے سرحدی بندش سے پاکستانی اور افغان تاجروں کو ہونے والے مالی نقصانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ مزید نقصانات سے بچنے کے لیے باہمی مشاورت سے سرحدی گزرگاہوں پر قانونی تجارتی آمدورفت جلد بحال کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed