ایبٹ آباد میں دو نجی اسکولوں کی سیلنگ کی مذمت کرتے ہیں، پین

پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (PEN) خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر محمد سلیم خان اور جنرل سیکرٹری طاہر امین نے ایبٹ آباد میں دو نجی اسکولوں کو سیل کرنے اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ویکسین نہ لگوانے والی طالبات کو اسکول سے نکالنے سے متعلق بیان پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں محمد سلیم خان اور طاہر امین نے کہا کہ سروائیکل کینسر ایک خطرناک لیکن قابلِ تدارک بیماری ہے اور بروقت ویکسینیشن کے ذریعے مستقبل میں اس موذی مرض سے بچاؤ ممکن ہے۔ صوبے بھر میں نجی اسکولوں کی انتظامیہ ویکسینیشن مہم کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایبٹ آباد میں دو نجی اسکولوں کو سیل کرنا اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے یہ کہنا کہ ویکسین نہ لگوانے والی بچی کو اسکول سے نکال دیا جائے گا، انتہائی نامناسب اقدام ہے، جس کی پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک بھرپور مذمت کرتا ہے۔دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کا بنیادی حق ہے، جبکہ بچوں کے حوالے سے فیصلوں میں والدین کی رضامندی اور اختیار کو بھی مقدم رکھا جانا چاہیے۔ تمام نجی اسکول مالکان محکمہ صحت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، تاہم ویکسینیشن صرف ان بچیوں کی جائے گی جن کے والدین نے اجازت دے رکھی ہوگی۔انہوں نے واضح کیا کہ جن والدین کی جانب سے ویکسینیشن کی اجازت نہیں دی جائے گی، ان بچوں کا ڈیٹا محکمہ صحت کو فراہم کیا جائے گا تاکہ متعلقہ حکام والدین کو طلب کرکے انہیں ویکسین کے فوائد اور اہمیت سے آگاہ کر سکیں۔صوبائی صدر نے خبردار کیا کہ اگر نجی تعلیمی اداروں کے خلاف اس نوعیت کے اقدامات دوبارہ کیے گئے تو صوبائی سطح پر ویکسینیشن مہم کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کے مبینہ نامناسب رویے اور دو نجی اسکولوں کو سیل کرنے کے واقعے کی باقاعدہ انکوائری کرائی جائے اور ذمہ داری کا تعین کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed