پاکستان سمیت 17 مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلیکس پر کیے گئے اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مشترکہ اعلامیہ میں اس حملے کے نتیجے میں مریضوں اور طبی عملے کے ہونے والے جانی نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزرائے خارجہ کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے اسرائیلی حملے غزہ میں امن کے قیام کی جاری کوششوں کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔
مسلم ممالک نے غزہ میں انسانی امداد، خیموں اور طبی سامان کی ترسیل پر عائد اسرائیلی پابندیوں کی بھی بھرپور مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ امداد کی بندش کے باعث غزہ کے بچوں کو شدید سردی سے ایک بار پھر اموات کا سنگین خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔ اعلامیہ میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ انسانی امداد کی محفوظ اور بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنائے اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں سمیت دیگر امدادی تنظیموں کو آزادانہ کام کرنے کی اجازت دے۔
اعلامیہ کے اختتام پر امریکا اور بورڈ آف پیس پر زور دیا گیا ہے کہ وہ طے پانے والے معاہدوں پر اسرائیل سے مکمل عملدرآمد کروانے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تیز کریں۔







