راولپنڈی اور اسلام آباد میں غیر قانونی کال سینٹرز پر چھاپے، 154 گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے خواتین سمیت 154 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔

این سی سی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق یہ آپریشن تین روز کے دوران دو مختلف غیر قانونی کال سینٹرز پر کیا گیا۔ راولپنڈی کے ایک رہائشی مکان میں قائم کال سینٹر پر چھاپے کے دوران 10 خواتین سمیت 11 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اسلام آباد میں ایک دوسرے کال سینٹر سے 43 خواتین سمیت مجموعی طور پر 143 ملزمان کو پکڑا گیا۔

ترجمان نے انکشاف کیا کہ یہ نیٹ ورک جنوبی ایشیائی ممالک کے شہریوں کو بین الاقوامی سطح کے آن لائن فراڈ کا نشانہ بناتا تھا۔ ملزمان قرض کی فراہمی کا جھانسہ دے کر متاثرین کے موبائل فونز میں مخصوص ایپلی کیشنز انسٹال کرواتے اور ان کا ذاتی ڈیٹا چرا لیتے تھے، جس کے بعد تصاویر اور ویڈیوز میں ردو بدل کر کے شہریوں کو بلیک میل کیا جاتا تھا۔ گرفتار ملزمان میں شامل 37 افراد گزشتہ تین برسوں سے لوگوں کو بلیک میل کرنے کے اس گھناؤنے دھندے میں سرگرم تھے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے شعیب خان نے واضح کیا کہ سائبر فراڈ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور عنقریب آن لائن بیٹنگ اور گیمنگ کے نام پر دھوکہ دہی کرنے والوں کے خلاف بھی بھرپور کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے والدین کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں کیونکہ پرکشش تنخواہوں کے لالچ میں غیر قانونی کال سینٹرز میں ملازمت اختیار کرنا نوجوانوں کا مجرمانہ ریکارڈ بنا کر ان کا مستقبل تباہ کر سکتا ہے۔ شعیب خان نے شہریوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنی تصاویر، موبائل ڈیٹا اور رشتہ داروں کی معلومات ہرگز کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں اور آن لائن بیٹنگ یا گیمنگ ایپس سے دور رہیں جہاں ابتدا میں معمولی منافع کا لالچ دے کر بعد ازاں صارفین کے بینک اکاؤنٹس خالی کر دیے جاتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed