سہیل آفریدی سمیت 9 ارکان اسمبلی کی حراست آئینی عدالت میں چیلنج

سہیل آفریدی اور بابر سلیم سواتی سمیت 9 ارکان اسمبلی کی گرفتاری اور حراست کے خلاف وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کر لیا گیا ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور راجا ناصر عباس کی جانب سے ایڈووکیٹ معظم بٹ کے توسط سے دائر کی گئی آئینی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تمام زیرِ حراست منتخب عوامی نمائندوں کو فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے اور ان کی رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔ درخواست میں یہ مطالبہ بھی سامنے رکھا گیا ہے کہ زیرِ حراست ارکان اسمبلی کو کہاں رکھا گیا ہے اور ان کی حراست کی قانونی حیثیت کیا ہے، اس حوالے سے تمام تفصیلات عدالت کے روبرو پیش کی جائیں۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ منتخب عوامی نمائندوں کو حراست میں لینا دراصل عوامی مینڈیٹ کو غیر مؤثر بنانے کے مترادف ہے، اور محض سیاسی وابستگی کی بنیاد پر ارکان اسمبلی کو نشانہ بنانا آئین کے آرٹیکلز 4، 14، 17 اور 25 کی صریح خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکلز 232، 234 اور 245 کے تحت تفویض کردہ غیر معمولی اختیارات بھی شہریوں کے بنیادی حقوق سے بالاتر نہیں ہو سکتے، جبکہ گورنر راج کے نفاذ سے بھی بنیادی حقوق معطل نہیں ہوتے اور تمام حکومتی اقدامات وفاقی آئینی عدالت کے عدالتی جائزے کے تابع ہیں۔

آئینی درخواست میں اس بات کا بھی حوالہ دیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی اور راجا ناصر عباس کو حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ درخواست گزاروں کے مطابق ریاستی مشینری کو سیاسی اختلافِ رائے دبانے یا منتخب عوامی نمائندوں کو غیر مؤثر کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed