انڈر 19 ایشیا کپ کے فیصلہ کن معرکے میں بھارت نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے زیر کر کے چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں منعقدہ فائنل میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 338 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کر لیا۔ بھارتی اننگز میں کپتان کشیا رائے چندانی 80 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر نمایاں بلے باز رہے، جبکہ آریاویر سہواگ نے 58 اور منال چوہان نے 47 رنز کا اضافہ کیا۔ دیگر کھلاڑیوں میں وی کے وینیتھ 24، انوے ڈراوڈ 19، ارجن راجپوت 16، یشبردن چوہان 9 اور آریان سوسانی 9 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ کاویا پریش پٹیل کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ اختتامی لمحات میں موہت الوا نے ناقابل شکست 49 اور چگُوروپتی ونکٹا نے 11 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ پاکستان کی طرف سے رضوان اللہ نے 3 اور نقاب شفیق نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی رضا، محمد صیام اور حسنین ڈار کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
قبل ازیں، ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ گرین شرٹس کی جانب سے اوپنر عثمان خان نے شاندار 107 رنز اسکور کیے، جبکہ عبدالقادر 80 اور کپتان فرحان یوسف 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ حیام خان 21، احمد حسین 17، نقاب شفیق 11، حمزہ ظہور 10، محمد صیام 7 اور حسنین عباس ڈار 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ رضوان اللہ 4 اور علی رضا صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارتی بولرز میں کاویا پریش پٹیل 4 اور چگُوروپتی ونکٹا 3 وکٹیں لے کر کامیاب رہے، جبکہ ارجن راجپوت نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔







