نئے صوبوں پر ریفرنڈم کرالیں، عوام نہیں چاہتے تو نہ بنائیں،محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سسٹم ری سیٹ کے معاملے پر میں اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری تقریباً ایک ہی پیج پر ہیں، تاہم نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر طویل سیاسی اختلافات کے بجائے عوامی ریفرنڈم سے بہتر کوئی تجویز نہیں،اگر عوام نہیں چاہتے تو میں بھی کہوں گا کہ صوبے نہ بنائیں،کوئی بھی فیصلہ یکطرفہ طور پر مسلط نہیں کیا جائے گا،بانی پی ٹی آئی کے جو قانونی حقوق بنتے ہیں وہ انہیں ملیں گے،کرپشن کے خلاف کارروائی کو سیاسی انتقام نہ سمجھا جائے کیونکہ پاکستان میں کرپشن موجود ہے اور شواہد کی بنیاد پر کارروائی حکومت کی ذمہ داری ہے،غیر قانونی کال سینٹرز اور بچوں کے استحصال سے جڑے دیگر کیسز کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے اور سائبر کرائم اداروں کو مزید وسائل فراہم کرنے سے ایسے نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔جمعرات کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے سیاسی نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات کی ہے جبکہ ان کی اپنی تجویز مجموعی ری سیٹ سے متعلق ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتیں حکومت کی اہم اتحادی ہیں اور تمام فیصلے باہمی مشاورت و رضامندی سے ہوں گے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر اتحادی جماعتوں کے درمیان اختلافات سے متعلق چلنے والی قیاس آرائیوں کو یکسر مسترد کر دیا۔نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اس معاملے پر ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائے معلوم کریں۔ہر سیاسی جماعت کو اس مسئلے پر اپنا الگ موقف رکھنے کا حق حاصل ہے، بشمول پیپلز پارٹی کے، لیکن حتمی فیصلہ عوام کی رائے سے ہونا چاہیے۔اگر عوام نئے صوبوں کی مخالفت کریں تو ان کا فیصلہ قبول کیا جائے اور اگر حمایت کریں تو سیاسی جماعتیں اس کا احترام کریں۔ اگر کسی کے پاس ریفرنڈم سے بہتر کوئی متبادل تجویز ہے تو وہ بھی عوام کے سامنے پیش کی جائے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed