پشاور ہائیکورٹ نے غیرت کے نام پر اپنی دو بہنوں اور ایک بھائی کو قتل کرنے کے مقدمے میں اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے ملزم حیدر علی کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور اسے تین بار سزائے موت سنادی۔ عدالت نے سیشن کورٹ کوہاٹ کا ملزم کی بریت سے متعلق فیصلہ بھی کالعدم قرار دے دیا۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل بینچ نے مقدمے کا تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں سیشن کورٹ کے فیصلے کو شواہد اور قانونی تقاضوں کے برعکس قرار دیا گیا۔فیصلے کے مطابق پولیس ریکارڈ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم حیدر علی نے غیرت کے نام پر اپنی دو بہنوں اور ایک بھائی کو قتل کیا تھا۔ واقعہ 30 ستمبر 2022 کو تھانہ کینٹ کی حدود میں پیش آیا، جس کے بعد ملزم کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔مقدمے میں سیشن کورٹ کوہاٹ نے 2024 میں ملزم کو بری کردیا تھا، جس کے خلاف صوبائی حکومت نے پشاور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی۔ سرکار کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل لاجبر خان عدالت میں پیش ہوئے۔تحریری فیصلے میں عدالت نے مقدمے کی مدعیہ، جو مقتولین کی والدہ ہیں، کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے قرار دیا کہ وہ ایک ایسی بدقسمت ماں ہیں جن کے تین بچے قتل ہوچکے ہیں جبکہ ان کا چوتھا بیٹا قاتل کی حیثیت سے کٹہرے میں کھڑا ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ دورانِ ٹرائل والدہ نے اپنے بیٹے کی بریت پر اعتراض نہیں کیا، تاہم محض ماں کی ممتا یا مفاہمت کی خواہش کی بنیاد پر دیگر آزاد اور ٹھوس شواہد کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔فیصلے کے مطابق ملزم نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا، جبکہ جائے وقوعہ سے بھی شواہد حاصل ہوئے تھے۔ ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں کہا تھا کہ اس نے غیرت کے نام پر یہ اقدام کیا اور اسے اپنے کیے پر کوئی پشیمانی نہیں ہے۔پشاور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ سیشن کورٹ نے مقدمے میں موجود ٹھوس شواہد اور فرانزک رپورٹ کو نظر انداز کرکے قانونی غلطی کی، جس کے باعث ملزم کی بریت کا فیصلہ برقرار نہیں رکھا جاسکتا۔عدالت نے صوبائی حکومت کی اپیل منظور کرتے ہوئے ملزم حیدر علی کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور اسے تین بار سزائے موت سنادی۔






