مہنگائی کی نئی لہر نے سردیوں کے سستے ترین خشک میوے مونگ پھلی کو بھی عام آدمی کی دسترس سے باہر کر دیا ہے، جس کے باعث شہری خریداری کے بجائے صرف قیمتیں پوچھنے پر ہی اکتفا کرنے لگے ہیں۔مقامی مارکیٹ اور شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے مونگ پھلی کو بھی مہنگے ڈرائی فروٹس کی صف میں لا کھڑا کیا ہے۔بادام، کاجو، پستہ اور اخروٹ جیسے مہنگے خشک میوہ جات پہلے ہی غریب اور متوسط طبقے کی قوتِ خرید سے باہر ہو چکے تھے، ایسے میں مونگ پھلی ہی وہ واحد سستی سوغات تھی جس سے عام شہری سردیوں کا لطف اٹھا لیا کرتے تھے۔دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے باوجود مونگ پھلی کی طلب بدستور برقرار ہے، کیونکہ مہنگے خشک میوہ جات کے مقابلے میں عوام کے پاس اب بھی یہی ایک نسبتا سستا متبادل باقی بچا ہے۔شہریوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے سردیوں کی اس روایتی اور صحت بخش سوغات کو بھی جیب پر بھاری کر دیا ہے، جس سے موسمِ سرما کی معمولی خوشیاں بھی محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔اب سوال یہ ہے کہ جب مونگ پھلی جیسی معمولی خوشی بھی جیب پر بھاری پڑنے لگے تو عام آدمی سردیوں کا لطف کیسے اٹھائے






