پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے اسے ملکی مفاد میں قرار دیا ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطے بڑھانے کا پیغام بھی دیا ہے۔ اڈیالہ جیل میں بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ سے تقریبا چار گھنٹے طویل ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال، گورنر راج، مذاکرات، پارٹی تنظیمی امور، قانونی مقدمات اور اہل خانہ کی رہائی سمیت مختلف معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نئے صوبے بننے چاہئیں اور یہ اقدام ملکی مفاد میں ہے۔ اس حوالے سے پنجاب اسمبلی میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق منظور ہونے والی قراردادوں کا بھی حوالہ دیا گیا۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی صورتحال اور ممکنہ تبدیلیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ بانی پی ٹی آئی نے صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ جس جماعت کو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، حکومت کرنے کا حق بھی اسی کو حاصل ہونا چاہیے۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان وسیع تر اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان سے رابطے کرنے اور اپوزیشن اتحاد کو آگے بڑھانے کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے فیصلے پی ٹی آئی کے بجائے اپوزیشن قائدین کریں، جبکہ محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کے پاس فیصلوں کا اختیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ ملاقات کے دوران پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی تجویز بھی زیر بحث آئی، تاہم بانی پی ٹی آئی نے اسے مسترد کرتے ہوئے موجودہ حکومت اور پارلیمان کے حوالے سے سخت موقف اور بائیکاٹ جاری رکھنے پر زور دیا۔دوسری جانب عمران خان نے بشری بی بی، اپنی بہنوں اور دیگر خواتین اسیران کی رہائی کو پارٹی کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے اس مقصد کے لیے فوری مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے پارلیمانی پارٹی کو خواتین قیدیوں کی رہائی اور دیگر اہم سیاسی معاملات پر متعلقہ فریقین سے بات چیت کا اختیار بھی دیا ہے۔ ملاقات میں 28ویں آئینی ترمیم پر بھی گفتگو ہوئی اور بانی پی ٹی آئی نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم سے متعلق اپنے سابقہ موقف کو برقرار رکھنے کا پیغام دیا۔ملاقات میں خیبرپختونخوا کی سیاسی اور تنظیمی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان نے صوبے میں پارٹی کو بدنام کرنے والے عناصر کی نشاندہی، کارکنوں کی شکایات کا ازالہ اور مختلف سیاسی شخصیات کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ بعض سابق صوبائی وزرا کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا، جبکہ آئندہ انتخابات میں بعض شخصیات کو پارٹی ٹکٹ نہ دینے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ رپورٹس خفیہ طور پر تیار کرکے آئندہ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کو پیش کی جائیں گی۔ تاہم پارٹی ترجمان نے ان اطلاعات سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی تردید کی ہے۔ملاقات کے بعد سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا اور ایک ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان مذاکرات کے حامی ہیں اور انہوں نے بات چیت بند کرنے کا نہیں کہا، بلکہ ان کا موقف ہے کہ ملک کے وسیع تر مفاد، عدلیہ کی آزادی، جمہوریت کے استحکام اور ترقی کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں۔ ان کے مطابق عمران خان کا پیغام ہے کہ یہ ملک بھی ہمارا ہے اور فوج بھی ہماری ہے، اس لیے ملک کو درست سمت میں لے جانے کی ذمہ داری بھی ہماری ہے۔ لطیف کھوسہ نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو اخبارات اور تین ٹی وی چینلز کے ذریعے ملکی صورتحال سے آگاہی حاصل رہتی ہے۔سردار لطیف کھوسہ نے عمران خان کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ جاتا ہے اور انہیں بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بشری بی بی کی بینائی سے متعلق مسائل پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں شفا انٹرنیشنل یا کسی دوسرے معیاری طبی مرکز منتقل کرکے مناسب علاج فراہم کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران بشری بی بی کی آنکھ کی سرجری اور ممکنہ طبی پیچیدگیوں کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، جبکہ عمران خان نے ان کی صحت کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ملاقات میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سے متعلق شکایت بھی سامنے آنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ پارٹی قیادت اور تنظیمی تبدیلیوں کے حوالے سے حتمی فیصلے اگلی ملاقات تک مخر کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔






