ممتاز سائیکاٹرسٹ، میڈیکل ایجوکیشنسٹ اور مائنڈ سائنٹسٹ پروفیسر ڈاکٹر شجاعت علی خان کی نئی کتاب ’’دی ماسٹر کیز آف مائنڈ‘‘ شائع ہو گئی ہے۔ یہ تصنیف مصنف کی 14 سالہ تحقیق کا نتیجہ ہے، جس میں انسانی نفسیات، شخصیت سازی اور ذہنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے حوالے سے 17 بنیادی تصورات کے ذریعے عملی رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔ کتاب میں 65 حقیقی واقعات، 51 ذہنی مشقیں اور تقریباً 80 موضوعاتی خاکے شامل کیے گئے ہیں تاکہ پیچیدہ نفسیاتی امور کو عام قارئین کے لیے فہم بنایا جا سکے۔مصنف نے اپنے 30 سال سے زائد پیشہ ورانہ تجربے کی روشنی میں ترقی پذیر ممالک کو درپیش سماجی و نفسیاتی چیلنجز پر روشنی ڈالی ہے۔ ڈاکٹر شجاعت علی خان کے مطابق، 2004 میں برٹش میڈیکل جرنل کے ایک ریویو کے مطابق پاکستان میں ہر تین میں سے ایک شخص ڈپریشن یا انزائٹی کا شکار تھا، اور موجودہ معاشی و سماجی دباؤ کے باعث یہ صورتحال مزید سنگین ہو چکی ہے۔ اس کتاب کا بنیادی مقصد ذہنی صحت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور لوگوں کو مثبت و تخلیقی سوچ کے ذریعے نفسیاتی مشکلات پر قابو پانے میں مدد دینا ہے۔






