محکمہ بلدیات و دیہی ترقی نے ایڈمنسٹریشن، انجینئرنگ اور اکانٹس کیڈر کے تمام افسران کی لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ اور لوکل کونسل بورڈ کے دفاتر میں بلاضرورت اور بغیر کسی ناگزیر وجہ کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے، اس فیصلے کا مقصد دفتری امور کے نظم و ضبط میں بہتری، افسران کی حاضری کو یقینی بنانا اور مسائل کے حل کے لیے ٹی ایم ایز کے دفاتر آنے والے سائلین کی مشکلات کا خاتمہ ہے، مشیر گورنر برائے بلدیات و مواصلات آصف رفیق کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات خان کی جانب سے جاری مراسلے میں ایڈمنسٹریشن، انجینئرنگ اور اکانٹس کیڈر کے تمام افسران کو سخت تاکید کی گئی ہے کہ وہ آئندہ کسی بھی غیر ضروری کام یا بغیر کسی سرکاری دعوت کے لوکل کونسل بورڈ اور لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ کا رخ نہیں کریں گے، تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف باقاعدہ میٹنگز، انتہائی ضروری دفتری امور اور اعلی حکام کی جانب سے طلب کیے جانے کی صورت میں ہی سیکرٹریٹ اور ایل سی بی حاضر ہوں، بصورت دیگر اپنے مقررہ دفاتر میں موجود رہ کر فرائض انجام دیں، ماضی میں متعدد ایسی مثالیں سامنے آئی ہیں جہاںتحصیل میونسپل آفیسرز،تحصیل فنانس آفیسرز اور تحصیل آفیسرز انفراسٹرکچرسمیت دیگرافسران بلاضرورت اور بغیر کسی اہم سرکاری کام کے دفاتر چھوڑ کر لوکل کونسل بورڈ اور لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ میں چکر لگاتے رہتے تھے، افسران کی اپنے دفاتر میں غیر موجودگی کی وجہ سے نہ صرف دفتری اور انتظامی امور شدید متاثر ہوتے بلکہ مختلف مسائل، شکایات اور دیگر اہم کاموں کے لیے ان دفاتر کا رخ کرنے والے سائلین کو سخت ذہنی کوفت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، اس روش کا نوٹس لیتے ہوئے یہ ضوابط نافذ کیے گئے ہیں، اعلامیے میں واضح طور پر انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ محکمہ بلدیات کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی افسر کو رعایت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف فوری طور پر تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس موقع پر سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات خان کا کہنا تھا کہ اس انتظامی اقدام کا بنیادی مقصد تمام محکموں میں دفتری امور کی کارکردگی کو شفاف و فعال بنانا اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر فوری حل کرنا ہے تاکہ عام شہریوں کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال ہو سکے۔







