صوبائی دارالحکومت پشاور میں مقیم غیرقانونی افغانیوں کیخلاف آپریشن کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے اور پولیس و متعلقہ اداروں نے بازاروں کے ساتھ رہائشی علاقوں میں بھی پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر کے مختلف تجارتی مراکز میں کارروائیاں کی گئیں، جن میں اشرف روڈ، مونگ پھلی مارکیٹ، آٹا مارکیٹ، سبزی منڈی اور پھل منڈی سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران درجنوں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا، کارروائیوں کے دوران گرفتار افراد سے افغان سٹیزن کارڈ(اے سی سی)اور پروف آف رجسٹریشن (پی او آر)کارڈ بھی برآمد ہوئے۔غیرقانونی افغانیوں کیخلاف آپریشن کے دوران حکام کی جانب سے مختلف مقامات پر افراد کی شناخت اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مہاجرین کی جانچ پڑتال کے دوران جعلی افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے افراد بھی پکڑے گئے۔







