غزہ کے وسطی علاقے میں اسرائیلی بربریت کے ساتھ حالات بھی ستم ڈھانے لگے، بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر ریت کا تودہ گرگیا، جس سے چار بچوں اور ایک خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ، جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ریت کا تودہ گرنے سے خیموں میں موجود افراد ملبے اور ریت تلے دب گئے، اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔رپورٹ کے مطابق متاثرہ فلسطینی خاندان اپنے تباہ شدہ گھروں سے بے دخل ہونے کے بعد عارضی خیموں میں رہائش پذیر تھے، وسطی غزہ میں ریت کا تودہ ان خیموں پر آ گرا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔فلسطینی خاندانوں کو شدید سردی اور نامساعد موسمی حالات میں عارضی پناہ گاہوں میں زندگی گزارنا پڑ رہی ہے، جہاں مناسب رہائش اور بنیادی سہولیات کی کمی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ذرائع کے مطابق اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں بڑی تعداد میں فلسطینیوں کے گھر تباہ ہوئے اور انہیں عارضی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہونا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق پناہ گاہوں کی تعمیر کے لیے درکار سامان اور امدادی مشینری کی غزہ میں آمد بھی محدود ہے۔فلسطینی امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ خیموں میں رہنے والے بے گھر خاندانوں کو سرد موسم اور غیر محفوظ حالات سے بچانے کے لیے فوری امداد، مضبوط عارضی رہائش اور ضروری سامان کی ضرورت ہے۔فلسطینی امدادی منتظمین نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں تباہ شدہ گھروں اور ناکافی پناہ گاہوں کے باعث موسم کی شدت شہریوں، خصوصا بچوں کے لیے سنگین خطرہ بن رہی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کوبنیادی انسانی امداد سے محروم رکھنیکے اسرائیلی غیر قانونی اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جنگ بندی اوربین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام کیخلاف جارحیت کی مذمت کرتا ہوں۔شہباز شریف نے کہا کہ غزہ کے ان بچوں کی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں جن کے پاس پناہ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، یہ بچے بے یار و مددگار اور پھنسے ہوئے ہیں جبکہ بھوک اور شدید سردی کی زد میں ہیں۔وزیراعظم نے وزارتِ خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ غزہ کے لیے انسانی امداد بڑھانے کیلیے تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔







