تربیلا ڈیم میں ٹی 5 ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حفاظتی بند میں شگاف پڑنے سے سرنگ نمبر 5 میں پانی کا بڑا ریلہ داخل ہو گیا ، جس کے بعد منصوبے پر جاری تمام تعمیراتی کام غیر معینہ مدت کے لئے معطل کر دیا گیا ۔واقعے کے فوری بعد ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد نے ریسکیو اور انتظامی ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر صورت حال کا جائزہ لیا اور تصدیق کی کہ حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی سرنگ میں داخل ہوا، تاہم ہنگامی کارروائی کے ذریعے وہاں موجود تمام ملکی و غیر ملکی اہلکاروں اور مزدوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر وسیم احمد نے بتایا کہ سرنگ میں پانی بھرنے کے دوران ایک پاکستانی کارکن پانی کے تیز بہائو میں بہہ گیا تھا جسے ایمرجنسی ریسکیو ٹیموں نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے کامیابی سے بچا لیا، جبکہ واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔وسیم احمد نے بتایا کہ بند میں شگاف کی وجوہات کا تعین کرنے کے لئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ایک اعلی سطحی انکوائری کمیٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا یہ واقعہ ڈھانچے کی کمزوری کا نتیجہ تھا یا کسی تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔ان کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔تربیلا ڈیم ٹی فائیو پاور پراجیکٹ کا حفاظتی بند ٹوٹ جانے کی وجہ سے ٹی فائیو ٹنل میں پانی داخل ہونا شروع ہو گیا، اس حوالے سے ڈی ایس پی غازی مسعود خان نے دریا کنارے رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ دریائے سندھ میں پانی بہاو بڑھنے کا خدشہ ہے، جس کے پیشِ نظر ساحلی اور قریبی آبادیوں کے عوام سخت احتیاط برتیں۔ڈی ایس پی غازی نے دریائے سندھ کے کنارے آباد رہائشیوں کے لیے جاری تنبیہی پیغام میں کہا ہے کہ اگلے دو سے تین دن کے دوران دریا میں پانی کے بہا میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس کے پیشِ نظر ساحلی اور قریبی آبادیوں کے عوام سخت احتیاط برتیں۔انہوں نے بتایا کہ دریائے سندھ میں پانی کا بہاو بڑھنے پر مال مویشیوں کا تحفظ یقینی بنائیں، اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کریں، بچوں کو کسی صورت دریا کے قریب یا کنارے نہ جانے دیں۔ڈی ایس پی غازی مسعود خان نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ممکنہ خطرے سے بچنے کے لیے وقت پر تمام تر حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔







