کراکو: یورپی ملک پولینڈ کے تاریخی شہر کراکو میں مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
رپورٹس کے مطابق واقعہ سہ پہر تقریباً 3 بجے شہر کے معروف تاریخی مین مارکیٹ اسکوائر میں پیش آیا، جہاں سیاحوں اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پولیس کے مطابق مسلح شخص گاڑی چلاتے ہوئے مرکزی چوک میں داخل ہوا اور مختلف مقامات پر موجود لوگوں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ شروع کردی۔
اچانک گولیوں کی آوازیں گونجنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ شہری اپنی جان بچانے کے لیے قریبی دکانوں اور عمارتوں میں پناہ لینے لگے۔
خبر رساں اداروں ایسوسی ایٹڈ پریس اور رائٹرز کے مطابق پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔







