پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس نے ہوائی فائرنگ، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اسلحے کی نمائش میں ملوث عناصر کے خلاف سرچ کارروائیاں کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کامیاب کارروائیاں ڈی ایس پی پشتخرہ سرکل عمر آفریدی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ پشتخرہ شہریار احمد نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ سرانجام دیں۔
پولیس کے مطابق موقع پر گرفتار کیے گئے ملزمان میں سہیل، دانش خان، خیبر خان اور سعد اللہ شامل ہیں۔ یہ ملزمان علاقے میں غیر قانونی اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 1 عدد کلاشنکوف، 1 عدد بندوق، 4 عدد پستول، متعدد میگزین اور کارتوس برآمد کر لیے ہیں۔ پشتخرہ پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔







