ہنگو میں جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کا سیکیورٹی کریک ڈاؤن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہنگو، صلاح الدین کنڈی کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او سٹی محمود خان کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے قاضی تالاب اور اس کے ملحقہ حساس علاقوں میں ٹارگٹڈ سرچ اینڈ اسٹرائیک کارروائیاں انجام دیں۔
اس آپریشن کے دوران پولیس نے مختلف مشکوک ٹھکانوں پر چھاپے مار کر ایک مفرور اشتہاری مجرم سمیت مجموعی طور پر 08 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے 04 پستول، 02 رائفلیں، 01 ریپیٹر، مختلف بور کے 155 کارتوس اور 700 گرام چرس برآمد ہوئی۔
اس موقع پر ڈی پی او صلاح الدین کنڈی نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں، اشتہاریوں اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی بنیادی ترجیح ہے اور قانون شکنی کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔







