پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس نے منشیات کے خاتمے کی مہم کے تحت اہم کارروائی کرتے ہوئے مخصوص گاہکوں کو نشہ آور اشیاء فراہم کرنے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ افسران بالا کی خصوصی ہدایات پر یہ کارروائی ایس پی کینٹ ڈویژن محمد جنید کھرل کی نگرانی، ڈی ایس پی حیات آباد سرکل رضا باچا خان کی زیرِ قیادت اور ایس ایچ او تھانہ حیات آباد تیمور سلیم خان نے پولیس نفری کے ساتھ مل کر سرانجام دی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان حیات آباد اور شہر کے دیگر مختلف علاقوں میں اپنے مخصوص گاہکوں کو شراب اور نشہ آور گولیوں کی فراہمی میں ملوث تھے۔ گرفتار افراد کی شناخت نعمان علی ولد ریاض علی، شیراز ولد شیر بہادر اور بلال حسین ولد مہر گل کے ناموں سے ہوئی ہے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے سینکڑوں عدد نشہ آور گولیاں اور 8 بوتلیں شراب برآمد کر لی گئی ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔







