پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے سنیچنگ، موٹر سائیکل لفٹنگ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی ایس پی صدر ڈویژن فدا حسین کی ہدایت پر، ڈی ایس پی بڈھ بیر سرکل سعید الرحمان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر ملنگ جان نے دیگر پولیس نفری کے ساتھ مل کر انجام دی۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں سنیچنگ اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں مطلوب ملزم محمد ولد حبیب ساکن کگہ ولہ شامل ہے، جس کا جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کے دوران سراغ لگایا گیا۔ دیگر گرفتار ملزمان میں مطیع اللہ ولد محمد فاروق اور طارق خان ولد اختیار خان شامل ہیں جو بڈھ بیر کے رہائشی ہیں اور مختلف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر ایک مسروقہ موٹر سائیکل، ایک لاکھ 10 ہزار روپے نقد رقم اور 3 عدد پستول برآمد کر لیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے اور مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔







