اسلام آباد میں فائر سیفٹی کے مناسب اور تحفظاتی انتظامات نہ ہونے کی بنیاد پر ایچ نائن اتوار بازار کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے اس فیصلے کے نتیجے میں بازار کی تجارتی سرگرمیاں معطل ہو گئی ہیں۔
بازار کی بندش پر ردعمل دیتے ہوئے متاثرہ دکانداروں نے شدید احتجاج کیا اور کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے خلاف نعرے بازی کی۔ دکانداروں کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے بازار میں فائر سیفٹی اور دیگر حفاظتی اقدامات پر کروڑوں روپے کی رقم خرچ کی ہے، اس لیے اچانک بندش کی کوئی جواز نہیں بنتی۔
احتجاج کی شدت کے باعث 200 سے 250 کے قریب دکانداروں نے اتوار بازار کے باہر دھرنا دے دیا اور مطالبات کی منظوری تک بازار فوری طور پر دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انتظامیہ کے اس اقدام اور دکانداروں کے احتجاج کی وجہ سے نہ صرف کاروباری طبقات معاشی طور پر متاثر ہو رہے ہیں بلکہ عام شہری بھی سستے داموں اشیائے ضروریہ کی خریداری کی سہولت سے محروم ہو گئے ہیں۔







