خیبر پختونخوا اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی کے خلاف سرکاری گاڑی واپس نہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر چترال کے تھانہ بونی میں ڈپٹی کمشنر چترال کی مدعیت میں درج کی گئی۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق ثریا بی بی کو رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرکاری گاڑی فراہم کی گئی تھی، تاہم الزام ہے کہ انہوں نے گاڑی واپس نہیں کی اور اسے واپس کرنے سے انکار کر دیا۔مقدمے کے متن میں متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سرکاری گاڑی کا سراغ لگا کر اسے واپس حاصل کیا جائے، ایف آئی آر میں سرکاری گاڑی واپس نہ کرنے کے معاملے پر ثریا بی بی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی کے خلاف ڈپٹی کمشنر چترال کی مدعیت میں مقدمہ درج ہونے کے بعد معاملہ قانونی کارروائی کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل دیگر وزرا کے خلاف بھی گاڑی واپس نہ کرنے پر معاملات پیچیدہ ہو گئے ہیں۔







