پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کی قیادت میں تعلیمی میدان میں تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے سمسٹر خزاں 2026 میں داخلوں کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ چار سالہ تقابلی اعداد و شمار کے مطابق رواں سمسٹر میں 4,500 سے زائد نئے طلبہ نے مختلف شعبہ جات میں داخلہ حاصل کیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 کے مقابلے میں اس سال داخلوں کی شرح میں 65.4 فیصد کا غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ سال 2025 کے 4,100 داخلوں کے مقابلے میں بھی رواں برس تقریباً 8 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ سالوں کا جائزہ لیا جائے تو خزاں 2023 میں 3,000 اور 2024 میں 2,600 طلبہ نے داخلہ لیا تھا، جس کے بعد 2025 میں 57.7 فیصد اضافے کے ساتھ 4,100 داخلے مکمل ہوئے تھے۔
اس تاریخی کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے فیکلٹی، انتظامی افسران اور ایڈمیشن ٹیموں کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ داخلوں میں یہ ریکارڈ اضافہ یونیورسٹی کے اعلیٰ تعلیمی معیار اور ڈگریوں کی افادیت پر عوام اور طلبہ کے بھرپور اعتماد کا بین ثبوت ہے۔
جامعہ کے ترجمان ڈاکٹر ندیم احمد ملک نے بتایا کہ روایتی زراعت کے ساتھ ساتھ اس سال آئی ٹی، انجینئرنگ اور مینجمنٹ سائنسز کے جدید شعبہ جات میں بھی طلبہ نے بھرپور دلچسپی دکھائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کی اتنی بڑی تعداد کا بارانی یونیورسٹی کو ترجیح دینا ادارے کی پیشہ ورانہ ساکھ اور جدید لیبارٹریز پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔







