ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بنیادی مقصد سعودی عرب کا دفاع کرنا ہے اور پاکستان اس مقصد کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔
امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو خطے میں امن و استحکام کی ضمانت قرار دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستانی افواج کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں موجود ہیں اور مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان کے مطابق مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اچانک وجود میں آنے والا اتحاد نہیں ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ معاہدے پر عملدرآمد اور اس کے تمام اثرات دفاعی نوعیت کے ہوں گے۔ اس کے تحت کس نوعیت کا دستہ سعودی عرب بھیجا جائے گا اور معاہدے کو کس انداز میں استعمال کیا جائے گا، ان امور کا فیصلہ آپریشنل کمانڈرز کریں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں استحکام کی ضمانت ہے اور اس کے باعث کسی بھی عنصر کو اپنے مذموم مقاصد پر عملدرآمد سے پہلے کئی مرتبہ سوچنا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاہدے کا مقصد کسی کو دشمن یا دوست قرار دینا نہیں بلکہ سعودی عرب کا دفاع یقینی بنانا ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کے حوالے سے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان تنازع ختم کرانے اور معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں کر رہا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ فریقین کے درمیان اختلافات کم ہوں، مذاکرات کے ذریعے تنازع کا پُرامن حل نکالا جائے اور جنگ کو مزید پھیلنے سے روکا جائے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق پاکستان نے غیرجانبدارانہ انداز میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مفاد علاقائی امن اور استحکام میں ہے، کیونکہ جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہونے سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا۔







