تھانہ ہشتنگری پولیس نے قمار بازی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران اسلحہ، موبائل فون، داؤ پر لگی نقدی اور قمار بازی میں استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد کیے گئے۔
پولیس کے مطابق افسران بالا کی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈی ایس پی ہشتنگری سرکل وارث خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ ہشتنگری سلیم خان خلیل نے پولیس نفری کے ہمراہ میلاد چوک میں واقع ملزم حماد کی بیٹھک پر چھاپہ مارا، جہاں قمار بازی کی محفل جاری تھی۔
کارروائی کے دوران قمار بازی میں ملوث چار ملزمان حماد ولد اقبال حسین، احمد یار ولد فضل کریم، گل عارف ولد امان اللہ اور عثمان ولد نظر محمد کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، دو پستول، چھ موبائل فون، داؤ پر لگی ہزاروں روپے کی نقدی اور قمار بازی کے آلات برآمد کرلیے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔







