بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں ایک نئی نویلی دلہن کے مبینہ طور پر دوسرے شخص کے ساتھ چلے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 21 سالہ نوجوان اپنی 18 سالہ اہلیہ کو چڑیا گھر کی سیر کرانے لے گیا تھا۔ شوہر نے موٹرسائیکل پارک کرنے کے لیے بیوی کو چڑیا گھر کے داخلی دروازے پر انتظار کرنے کو کہا۔
رپورٹس کے مطابق شوہر چند منٹ بعد موٹرسائیکل پارک کرکے واپس آیا تو اس کی اہلیہ وہاں موجود نہیں تھی۔ مبینہ طور پر خاتون ایک دوسرے شخص کے ساتھ موٹرسائیکل پر روانہ ہوگئی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آنے کی اطلاعات ہیں۔ شوہر نے پولیس سے رابطہ کرتے ہوئے ارمان خان نامی شخص پر الزام عائد کیا کہ وہ اس کی اہلیہ کو بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گیا۔
پولیس کے مطابق خاتون کی تلاش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کے ملنے کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ وہ اپنی مرضی سے گئی یا اسے بہلا پھسلا کر لے جایا گیا۔







