درہ آدم خیل کی کوئلہ کان میں حادثہ ‘ شانگلہ کے 2 کان کن جاں بحق

درہ آدم خیل کے علاقے اخوروال میں کوئلے کی کان میں پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں شانگلہ سے تعلق رکھنے والے 2 محنت کش مزدور جان بحق ہوگئے۔ جان بحق ہونے والوں میں زرین تاج ولد فضل کریم سکنہ بانڈہ دولت الپوری اور محمد قیوم ولد محمد زمان سکنہ چچلو یونین کونسل رانیال الپوری ضلع شانگلہ شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی دونوں2 محنت کش مزدور وں کے آبائی علاقوں میں سوگ کی فضا پھیل گئی جبکہ اہل خانہ غم سے نڈھال ہوگئے۔ دونوں محنت کش مزدور روزگار کے سلسلے میں درہ آدم خیل کے علاقے اخوروال میں کوئلے کی کان میں کام کررہے تھے جہاں دوران کان کنی حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں دونوں محنت کش جان کی بازی ہار گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی امدادی ٹیموں اور متعلقہ اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق محنت کشوں کی لاشیں کان سے نکالیںجنہیں ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقوں کو روانہ کیا گیا۔شانگلہ میں روزگار کے محدود مواقع اور مقامی سطح پر صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کی کمی کے باعث بڑی تعداد میں نوجوان اپنے گھروں سے دور مختلف علاقوں میں کان کنی سمیت محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ شانگلہ کی معیشت میں کان کنی کا شعبہ ایک اہم حیثیت رکھتا ہے اور یہاں کی تقریباً 66 فیصد آبادی براہ راست یا بالواسطہ طور پر کان کنی کے شعبے سے وابستہ یا اس پر انحصار کرتی ہے۔ روزگار کے متبادل ذرائع، صنعتوں اور دیگر کاروباری مواقع نہ ہونے کے باعث غریب خاندانوں کے نوجوان خطرناک حالات میں بھی روزگار حاصل کرنے کیلئے دوسرے اضلاع کا رخ کرتے ہیں۔مقامی حلقوں کا کہنا ہیں کہ کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو اکثر انتہائی مشکل اور خطرناک حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم غربت اور روزگار کے محدود مواقع کے باعث وہ اپنے خاندانوں کا پیٹ پالنے کیلئے جان جوکھم میں ڈالنے پر مجبور ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed