نیو چندی گڑھ: بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں سلو اوور ریٹ پر دونوں ٹیموں کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی سی سی کے مطابق مقررہ وقت میں مطلوبہ اوورز مکمل نہ کرنے پر بھارت کی ٹیم پر میچ فیس کا 20 فیصد جبکہ ویسٹ انڈیز پر 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
وقت میں دی گئی رعایتوں کو شامل کرنے کے بعد بھارتی ٹیم مقررہ رفتار سے 4 اوورز جبکہ ویسٹ انڈین ٹیم 2 اوورز پیچھے رہی۔
آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کے رکن پرکاش بھٹ نے دونوں ٹیموں پر جرمانے عائد کیے۔
دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے مجوزہ سزائیں قبول کرلیں، جس کے باعث معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
بھارت نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے دو میچ جیت کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی تھی، تاہم آخری میچ میں ویسٹ انڈیز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
شائے ہوپ کی ناقابل شکست 162 رنز کی اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے 352 رنز کا ہدف حاصل کیا۔ یہ ون ڈے کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے کامیابی کے ساتھ حاصل کیا جانے والا سب سے بڑا ہدف ہے۔
اب دونوں ٹیمیں 6 اکتوبر سے شروع ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں مدمقابل ہوں گی۔







