محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے باعث بارش، آندھی اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج رات ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 7 اکتوبر تک برقرار رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسمی نظام کے زیر اثر پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں 6 اور 7 اکتوبر کو تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
بلوچستان کے علاقوں بارکھان اور موسیٰ خیل میں 6 اکتوبر کی شام یا رات بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ میں آئندہ چند روز کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی اور ژالہ باری کے باعث کمزور انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ موسمی نظام کے اثرات کے دوران درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں۔







