کالج آف ہوم اکنامکس یونیورسٹی آف پشاور میں خواتین کی صحت، غذائیت، صفائی اور خوداعتمادی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک روزہ خصوصی آگاہی سیشن Health, Her Confidence منعقد ہوا جس کا اہتمام یو این ایف پی اے اور سرحد رورل سپورٹ پروگرام (ایس آر ایس پی)کے اشتراک سے آغاز اے وائی ایف ایس پراجیکٹ کے تحت کیا گیا۔ سیشن میں طالبات، ماہرین صحت، اساتذہ اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی جبکہ کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شازیہ غلام محمد مہمان خصوصی تھیں۔سیشن کے دوران کالج آف ہوم اکنامکس کے شعبہ فوڈ اینڈ نیوٹریشن سائنس کی سربراہ ڈاکٹر زاہین انجم، ڈاکٹر عائشہ خان اور ڈاکٹر صائمہ فاروق نے خواتین کی صحت سے متعلق مختلف اہم موضوعات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے ماہواری کے دوران صحت و صفائی، متوازن غذا، غذائیت، صحت مند ماحول اور خواتین کی مجموعی جسمانی و ذہنی صحت کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے طالبات کو مفید معلومات فراہم کیں۔پروگرام کے دوران گائناکالوجسٹ نے Building Her Health Toolkit کے عنوان سے خصوصی نشست منعقد کی، جس میں طالبات کو خواتین کی صحت سے متعلق ضروری معلومات اور عملی رہنمائی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی، جس میں طالبات نے مختلف سوالات کیے اور ماہرین سے رہنمائی حاصل کی۔تقریب کا ایک اہم حصہ اوپن مائیک سیشن تھا جس کے دوران طالبات کو اپنے خیالات، تجربات اور مسائل کھل کر بیان کرنے کا موقع دیا گیا تاکہ خواتین کی صحت سے متعلق حساس موضوعات پر مثبت مکالمے اور آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شازیہ غلام محمد نے آگاہی پروگرام کے انعقاد پر یو این ایف پی اے اور ایس آر ایس پی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کے لیے اس نوعیت کے آگاہی سیمینار وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے خواتین کی صحت سے متعلق شعور بیدار کرنے، صحت کے مسائل پر کھل کر گفتگو کرنے اور طالبات میں خوداعتمادی پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔تقریب میں آغاز پراجیکٹ کی فوکل پرسن مدیحہ زیب، پراجیکٹ کی ماہر نفسیات اتشن صبا، اساتذہ اور طالبات بھی موجود تھیں۔ اختتام پر مہمان مقررین اور معزز شخصیات میں اعزازی شیلڈز جبکہ شریک طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔







