آرٹی فیشل انٹیلی جنس کی معروفی کمپنی اوپن اے آئی نے اپنے سالانہ ڈویلپر ڈے کے موقع پر ’ڈاٹس‘ نامی نیا اے آئی ایجنٹ متعارف کرا دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ٹول ہر وقت دستیاب رہے گا، جس کے ساتھ ہی اوپن اے آئی نے روایتی اے آئی چیٹ بوٹ کے شعبے سے آگے قدم بڑھا دیا ہے۔ یہ نیا ایجنٹ صارف کی جانب سے مختلف قسم کے امور خودکار انداز میں انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
جی پی ٹی 6 آسٹرا ماڈل پر مبنی یہ اے آئی ایجنٹ ایک کلاؤڈ کمپیوٹر کی مانند کام کرتا ہے جو 27 گھنٹے متواتر فعال رہ سکتا ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ صارف کی تجاویز و فیڈ بیک سے سیکھتا رہتا ہے۔ صارفین کی سہولت اور مدد کے لیے اس ایجنٹ کو فوری طور پر 4 ہزار سے زائد ایپلی کیشنز سے جوڑا جا سکتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاٹس ہر وقت صارف کی رسائی میں رہے گا اور اسے تحریری یا صوتی (وائس) ہدایات کے ذریعے کنٹرول کیا جا سکے گا۔ جیسے جیسے صارف اس کے ساتھ کام کرے گا، یہ ایجنٹ اس کی ترجیحات، انداز اور سوچ کو بہتر طور پر سمجھنا شروع کر دے گا۔ اسے ویب، موبائل اور ڈیسک ٹاپ تمام پلیٹ فارمز پر آسانی سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
پرائیویسی اور سیکیورٹی کے حوالے سے ڈاٹس میں خصوصی اقدامات شامل کیے گئے ہیں، جن کے تحت صارفین حدود متعین کر سکتے ہیں اور خودکار افعال کے فیصلوں میں شامل رہ سکتے ہیں۔ ہر ڈاٹ ایجنٹ کا اپنا کلاؤڈ کمپیوٹر ہوتا ہے جو ویب سائٹس کے پاس ورڈز کو محفوظ رکھتا ہے، جبکہ ان کی تفصیلی معلومات خود اے آئی ماڈل تک بھی نہیں پہنچتیں۔







